نواز ،زرداری نے معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا،فواد چوہدری

207
جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں

جہلم(خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور زرداری نے ملکی معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔جہلم میں شجر کاری مہم کی تقریب سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ افغان جنگ کا خمیازہ پاکستان کو بھگتنا پڑا، پوری دنیا وزیراعظم عمران خان کی بات سنتی ہے، عمران خان نے ہمیشہ کہا کہ افغانستان کاکوئی فوجی حل نہیں، وزیراعظم کے قد وقامت کا کوئی لیڈر نہیں۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور آصف زرداری نے ملکی معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا، بلاول اور مریم کو خطے کی پیچیدگیوں کے بارے میں علم نہیں ہے، کیا ہم پاکستان کی قیادت ان بچوں کے حوالے کردیں، ایسی لیڈر شپ سے ہمارا کوئی مقابلہ نہیں ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں موجود بڑے لیڈر خدا کا خوف کریں، ن لیگ کہتی ہے جمہوریت کی لڑائی لڑ رہے ہیں اور ان کی اپنی پارٹی کے اندر آمریت ہے، لڑائیوں کو ختم کرے معیشت کی بہتری کی طرف جانا ہے۔فواد چودھری کا کہنا تھاکہ پاکستان ہی تھا جس نے امریکا اور طالبان کے درمیان بات چیت کرائی اور ایک قطرہ خون بہائے بغیر افغانستان میں اقتدار منتقل ہوا۔ان کا کہنا تھاکہ جو پاکستانی بہک گئے چاہے وہ بلوچستان میں ہوں ان کو واپس راستے پر لائیں گے، لڑائی کا آخر میں اختتام بات چیت سے ہی ہوتا ہے۔دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کہا ہے کہ فرانسیسی ٹی وی نے پاکستان سے متعلق بھارتی میڈیا کی جعلی خبروں کو بے نقاب کردیا۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اطللاعات کا کہنا تھا کہ فرانس 24 ٹی وی چینل نے پاکستانی فضائیہ کے افغانستان کی وادی پنجشیر پر حملے سے متعلق بھارتی میڈیا کی جعلی خبروں کو بے نقاب کر دیا۔ بھارت کے ہستی ٹی وی چینل نے طالبان کے پنجشیر پر قبضے کے بعد پاکستان ائر فورس کے پنجشیر پر حملوں سے متعلق جعلی رپورٹ جاری کی۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بھارت کے ٹائمز ناؤ اور زی ہندوستان ٹی وی چینلز نے بھی اسی ویڈیو کا سہارا لے کر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا۔ بھارت کے پاکستان کے خلاف جعلی پروپیگنڈے اور فیک نیوز کو اب عالمی میڈیا بھی بے نقاب کر رہا ہے۔