سکھر میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت مفت آئی کیمپوں کا انعقاد

565

سکھر (نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے تحت سکھر میں 2 مختلف مقامات پر 2 روزہ مفت آئی کیمپ لگایا گیا، جس میں ماہر ڈاکٹروں نے امراض چشم کے سیکڑوں مریضوں کا مفت معائنہ کیا اور 300 سے زائد مریضوں کی آنکھوں کی جدید فیکو سرجریز کی گئیں جبکہ مریضوں کومفت ادویات بھی فراہم کی گئیں، اس سے قبل گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران الخدمت کی جانب سے سندھ کے 5 مختلف اضلاع جیکب آباد، گھوٹکی، سکھر، کشمور اور شکارپور میں اسکریننگ کیمپ کے ذریعے 5 ہزار سے زائد افراد کا مفت معائنہ کیا گیا تھا، اسکریننگ کے دوران 300 افراد کو سرجریز کیلیے منتخب کیا گیا، جن کی سرجری پیما ہاؤس سکھر میں کراچی کے ماہر ڈاکٹرز کی جانب سے کی گئیں، فیکو سرجریز فری آئی کیمپ کا افتتاح پرنسپل غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار سومرو نے کیا، اس موقع پر صدر الخدمت سکھر مامون الرشید باجوہ، نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن سندھ ڈاکٹر عبدالعزیز میمن، صدر پی ایم اے ڈاکٹر عبدالواحد عباسی، امیر جماعت اسلامی سکھر شہر زبیر حفیظ شیخ، ڈاکٹر عبدالمجید میمن، سرفراز احمد صدیقی، معاون سوشل میڈیا سیل، سیکرٹری الخدمت کمیٹی سکھر عبدالمالک تنیو اور احسان حفیظ انچارج الخدمت کمیٹی یوسی 12 و دیگر موجود تھے۔ کیمپ میں سرجری کیلیے آنے والے افراد اور ان کے تیمارداروں کیلیے بہترین انتظامات کیے گئے، کھانے کے ساتھ ساتھ سفر کا خرچہ بھی فراہم کیا گیا، الخدمت اور پی او بی ٹرسٹ کراچی کی جانب سے 150 مریض اور 37 مریض کی کل فری فیکو سرجری ہوگی، قبل ازیں گزشتہ روز الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت امراض چشم کے مریضوں کیلیے جاوید عمر منزل پر فری آئی کیمپ کا افتتاح امیر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر مامون الرشید باجوہ، ڈاکٹر عبدالمجید میمن، ڈاکٹر عبدالعزیز میمن، ڈاکٹر ظہیر عمر شیخ نے کیا ، جبکہ ا لخدمت کے رہنماء ، سوشل میڈیا سیل سندھ کے انچارج عبدالمالک تنیو سمیت دیگر موجود تھے،سینیئر آئی سرجن اور رہنما جماعت اسلامی سکھر ڈاکٹر ظہیر عمر شیخ نے دعا کرواکر کیمپ کا آغاز کیا۔