انٹریونیورسٹی کراٹے چمپئن شپ ، ججزکے متنازع فیصلوں پراحتجاج

291

کراچی(پ ر)انٹریونیورسٹی کراٹے چمپئن شپ بلوچستان کراٹے ایسوسی ایشن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مفاد پرست عناصرکی دھونس ،دھاندلی اور ریفری ججزکے متنازع فیصلوں کی بھینٹ چڑ ھ گئی۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں جاری انٹر یونیورسٹی کراٹے چمپئن شپ بلوچستان کراٹے ایسوسی ایشن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے گٹھ جوڑ اور ریفری ججزکے متنازع فیصلوں بھینٹ چڑ ھ گئی۔ ریفری ججز شاہ محمد ،آغا محمد ، عبدالرزاق ،عظمیٰ اور قراطلعین نے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی کراٹے ٹیم کو شکست سے دوچار کرنے میں اہم کردار ادا کیااور پنجاب یونیورسٹی کراٹے ٹیم کے کھلاڑیوں کو متنازع فیصلوں پر احتجاج کرنے پر غلیظ گالیاں اور سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ پنجاب یونیورسٹی کراٹے ٹیم کے کھلاڑیوں نے جب میزبان بلوچستان کراٹے ایسوسی ایشن کے ذمہ دران اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر رضوان سے ریفری ججزکے توہین آمیز رویے کی شکایت کی تو ان کی جانب سے داد رسی کی بجائے نازیبا الفاظ سننے کو ملے۔ پنجاب یونیورسٹی کراٹے ٹیم کے کھلاڑیوں نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ، وزیر اعظم عمران خان ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انٹریونیورسٹی کراٹے چمپئن شپ میں ہونے والی دھونس و دھاندلی سمیت اس واقع کا نوٹس لیں اور فوری طور پر شفاف انکوائری کروا کر ذمہ داروں کو قرار واقع سزا دی جائے۔