منی لانڈرنگ ریفرنس ،شہباز شریف کی اہلیہ پر فرد جرم عائد ،صحت سے انکار

101

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں صدرمسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز پر فرد جرم عاید کر دی، شہباز شریف کی تینوں مقدمات میں حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔جمعہ کو لاہور کی 2 احتساب عدالتوں میں 3 مقدمات کی سماعت ہوئی، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز رمضان شوگر مل اور منی لانڈرنگ کے ریفرنسز میں پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف کے خلاف تینوں مقدمات منی لانڈرنگ ، آشیانہ اور رمضان شوگرمل ریفرنس میں حاضری معافی کی درخواست پیش کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا،نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ 3 ریفرنسز میں ایک ہی تاریخ سے گواہوں کے بیان ریکارڈ نہیں ہوسکتے، جس پر عدالت نے کہا کہ جب گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونا شروع ہوں گے تو دیکھ لیں گے۔ عدالتوں نے تینوں مقدمات میں استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 18 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ علاوہ ازیں لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے صدر، و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر درخواست گزاروں کے وکلا کو حتمی دلائل پیش کرنے کے لیے 18 اکتوبر کو طلب کرلیا۔ عدالت کے روبرو شہبازشریف ان کے بیٹے حمزہ شہباز ،اہلیہ نصرت شہباز سمیت 13 درخواست گزاران نے درخواستیں دائر کی ہیں جس میں خاندانی اثاثے منجمد کرنے کے عدالتی حکم کو چیلنج کیا گیا ہے۔