پاکستان کی جونئیر ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت غیر یقینی

177

لاہور (نمائندہ خصوصی) سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن محمد آصف باجوہ نے جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت کے سلسلہ میں پی ایچ ایف کی جانب سے تیاری کے معاملات پر پی ایچ ایف ہیڈ کوارٹرز لاہور میں میڈیا کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے بتایاکہ ایف آئی ایچ کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 23 ستمبر کو 2 ای میلز موصول ہوئیں۔ پہلی ای میل میں ایونٹ کے مقام اور انعقاد کی تصد یق کی گئی جبکہ دوسری ای میل میں بتایا گیا کہ 24ستمبر بھارتی ویزا درخواست کے لئے آخری تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے چند ممالک کے لئے ویزا پراسیسنگ قوانین کے تحت 60 دن کا وقت برائے ویزا درخواست دیا جاتا ہے جبکہ اسی روز ہی بتایا گیا کہ 24 ستمبر ویزا درخواست کے لئے آخری تاریخ ہے۔ سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے جونیئر ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کیا ہے اور پاکستان چاہتا ہے کہ جونیئر ورلڈ کپ کا حصہ بنے۔۔ انہوں نے کہا کہ آخری ورلڈ کپ میں پاکستان نے حصہ نہیں لیا تھا ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی اسکواڈ کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے ۔ پی ایچ ایف کی مکمل توجہ کھلاڑیوں کی ٹریننگ اور تیاری پرمرکوز ہے اور 15 اکتوبر سے جونیئر ورلڈ کپ کی حتمی تیاری کے لئے قومی جونیئر ہاکی تربیتی کیمپ کراچی میں لگایا جائیگا جو کہ ٹیم کی حتمی تشکیل تک جاری رہے گا۔ سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 18 ستمبر کو ای میل بھیجنے کا دعوی کیا گیا ہے جوکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو موصول نہیں ہوئی۔ تاہم صورتحال کی بابت فوری طور پر ایشین ہاکی فیڈریشن کے سی ای او طیب اکرام کو مطلع کیا اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر نریندر بترا سے بھی اس معاملہ پر بات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ہاکی فیڈریشن ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔ دوسری جانب میزبان ملک بھارت کے ساتھ پاکستان کے سفارتی معاملات بہت اچھے نہیں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے کہا کہ انہیں بظاہر اس معاملہ میں کوئی سازش نظر نہیں آتی تاہم ویزا درخواستوں کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ پی ایچ ایف کی مکمل توجہ کھلاڑیوں کی ٹریننگ اور تیاری پر مرکوز ہے۔