لاڑکانہ ،سوئی گیس کے برطرف ملازمین کا احتجاج

114

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے برطرف ملازمین نے اپنی بحالی کے لیے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ،مشتعل مظاہری نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھاکر شدید نعرے بازی بھی کی۔اس موقع پر منور کھوکھر، ریاض جمالی، شاہد حسین چھجڑو، رفیق شیخ اور دیگر برطرف ملازمین کا کہنا تھا کہ 1996ء میں ہمیں گیس کمپنی میں نوکریاں دی گئی تھیں اور 1997ء میں ہمیں برطرف کیا گیا لیکن ایک بار پھر سے 13 سال بعد 2009ء میں ہمیں بحال کیا گیا اور پارلیمنٹ میں بھی آرڈیننس پاس کرایا گیا اس کے باوجود بھی پھر سے ہمیں ایک عدالتی فیصلے کے تحت ملازمتوں سے برطرف کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ برطرف ہونے سے ہمارے بچوں کی تعلیم سخت متاثر ہو رہی ہے اور گھر والے فاقہ کشی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، برطرف ملازمین نے وزیراعظم، سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گیس ملازمین کو بحال کرکے ان کی بے چینی دور کی جائے۔