اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کردیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ حکومت نے مہنگائی کا ہفتہ وار بم گرا کر عوام سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا، ایک طرف ڈالر کا بے قابو جن اور دوسری طرف عوام کی جیب کاٹی جا رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی آئی ایم ایف چلے گئے اور عوام کو خودکشی پر مجبور کر دیا، ظالم حکمرانوں سے عوام پر مہنگائی کا ظلم کرنے کا اختیار چھیننا ہوگا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 روپے تک کا اضافہ کردیا ہے جب کہ ایل پی جی 29 روپے مزید مہنگی کردی ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 82 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 127.30 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 122.4، مٹی کا تیل 99.31 اور لائٹ ڈیزل 99.51 روپے فی لیٹر ہوگیا۔
علاوہ ازیں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ماہ اکتوبر کے لیے ایل پی جی کی نئی قیمت 29 روپے اضافے کے بعد 203 روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی ہے۔ گھریلو سلنڈر 343 روپے مہنگا ہوا ہے، 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2304 روپے مقرر کی گئی ہے۔