پشین : محکمہ تعلیم کی عمارتوں کی مسماری کا نوٹس لیا جائے، انتخاب عالم پانیزئی

205

پشین ( پ ر) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع پشین کے سینئر نائب صدر انتخاب عالم پانیزئی ، عارف ترین ،عرفان عالم اور قاری محمد اقبال نے اپنے مشترکہ بیان میں اس بات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے کہ گزشتہ روز پشین بائی پاس روڈ کے توسیعی منصوبے کے دوران گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ، گرلز ایلیمنٹری کالج ،اور ڈی او ای فی میل پشین کے دفتر کی عمارت کا بڑا حصہ مسمار کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وعدہ کیا تھا کہ مسمار کی گئی عمارتوں کوجلد دوبارہ تعمیر کیا جائے گا مگر تاحال اس نقصان کے ازالے کے لیے کوئی بھی ٹھوس قدم نہیں اُٹھایا گیا، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پشین کے 8 کلاس رومز ،2 امتحانی ہال مسمارکیے گئے ہیں اور طالبات کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ایسی ہی صورتحال گرلز ایلیمنٹری کالج اور ڈی او ای فیمیل کے دفاتر کی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے تعلیمی ایمر جنسی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ۔ محکمہ تعلیم کے دفاتر اور گرلز اسکولوں کی توسیع اورسہولیات کی فراہمی کی بجائے پہلے سے دستیاب سہولیات کو بھی چھینا جارہاہے پشین شہر میں اس وقت طالبات کی تعلیم اور امتحانات کے واحد امتحانی ہال بھی مسمار ہوچکے ہیں اور اس وقت بچیوں کے لیے کوئی بھی امتحانی ہال نہیں ہے۔