اسلام آباد(آن لائن)احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کیخلاف 8ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کے نیب ریفرنس میں وڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 14اکتوبر کو طلب کر لیا ہے۔عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر ملزم پیش نہ ہوا تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے سابق صدر آصف علی زرداری کو نیب ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے گزشتہ روز طلب کر رکھا تھا۔تاہم وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے اوران کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے طبی وجوہات کی بنا پرحاضری سے استثنااور وڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کی درخواستیں جمع کرائیں۔ عدالت نے وڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے آصف علی زرداری کو چودہ اکتوبر میں ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ عدالت نے کہا آئندہ سماعت پربھی ملزم پیش نہ ہوا تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے۔