وسائل کی کمی سے حکومت چلانا طالبان کیلیے بڑاچیلنج ہوگا،شیخ رشید

160

اسلام آباد (آن لائن) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ طالبان حکومت کو اس وقت فنڈز اور انسانی وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔مالی اور انسانی وسائل کی کمی سے حکومت چلانا طالبان کے لیے ایک بڑاچیلنج ہوگا،عالمی برادری طالبان کو وقت اور وسائل دے،امید ہے طالبان اپنے وعدوں پر مکمل عملدآمد کرینگے۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے کینیڈا کی ہائی کمشنر برائے پاکستان وینڈی کرسٹین گلمور سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے ان سے یہاں ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران پاک کینیڈا دوطرفہ تعلقات سمیت افغانستان اور خطے کی مجموعی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ افغانستان میں پائیدار امن خطے کی ترقی اورافغان شہریوں کی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے، افغان شہریوں کی انسانی بنیادوں پر امداد ضروری ہے۔ غذائی قلت پیدا ہونے کے عوامل کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ و زیر داخلہ شیخ رشید نے کہا پاکستان افغانستان میں امن اور سیاسی استحکام کے لیے اپنا کردار کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان ایک خود مختار ملک ہے، اپنے فیصلے خود لینے کے لیے بااختیار ہے۔ انہوں نے کہا افغانستان کی حکومت کو مشورہ دے سکتے ہیں،کسی خاص فیصلے پر مجبور نہیں کرسکتے۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ کینیڈین ہائی کمیشن کی درخواست پر افغان شہریوں کے انخلاء پر پاکستان کے مشکور ہیں۔ پاکستان کا افغانستان سے غیر ملکی اور افغان شہریوں کو نکالنے میں کردار غیر معمولی کارنامہ ہے۔