اسلام آباد کو اکھاڑا نہ بنایا جائے،بات چیت کیلئے تیار ہیں،شیخ رشید

166

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے دورے کی منسوخی میں ملوث سازشی عناصر کو عنقریب بے نقاب کریں گے‘ اسلام آباد کو اکھاڑا نہ بنایا جائے‘ امن و امان کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ پیر کو وزارت داخلہ اسلام آباد میں ہفتے وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے کو سائبر کرائم کی ایک لاکھ درخواستیں مو صول ہوئی ہیں‘ سائبر کرائمز والوں کو 2 ارب کے فنڈ جاری کر رہے ہیں‘ نادرا نے 75 لاکھ لوگوں کو ویکسین سرٹیفکیٹ جاریکیے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے لیکن پاک فوج دہشت گرد وںسے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ‘ 2 سال بعد نیا سیاسی ماحول ہوگا‘ آج جیسے حالات نہیں ہوں گے‘ شہباز شریف کو ضمانت دیتے ہیں کہ 2023ء کے انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے‘ الیکشن کمیشن اور حکومت قریب آرہے ہیں جو اچھی بات ہے‘الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے انتخابات شفاف ہوں گے‘ ملک میں جوڈو کراٹے کا ماحول کم ہو رہا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ انتشار اور جوڈو کراٹے سے برباد ہوگی‘ شہباز شریف کے خاندان میں وراثت کی لڑائی چل رہی ہے‘ وہ اپنے لیے دم درود کرائیں‘ مسلم لیگ (ن) میں 2 کے بجائے 3 گروپ بنتے ہوئے دیکھ رہا ہوں‘ (ن) لیگ کے گھر کی باتیں گھر میں رہیں تو اچھی بات ہے۔