ٓٓٓٓٓٓآرمی چیف کی ایکسٹینشن روکتے تو دنیا میں منفی خبریں جاتیں ، احسن اقبال

109

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں عوام کے سامنے تمام سیاسی جماعتیں آزمائی ہوئی ہوں گی۔ احسن اقبال نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا دور بھی دیکھا اور اب پی ٹی آئی کا دور بھی بھگت لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی ایکسٹینشن کا معاملہ اب کوئی ایشو نہیں ہے کیونکہ ایکسٹینشن کی منظوری وزیراعظم دے چکے تھے ، اس وقت سارا نظام یرغمال بنا ہوا تھا اور کسی کے پاس کوئی چوائس نہیں تھی ، اگر اس وقت پارلیمان آرمی چیف کی ایکسٹینشن کی منظوری نہ دیتی تو دنیا میں یہ خبریں لگنی تھیں کہ پارلیمان نے آرمی چیف کو برطرف کر دیا ہے۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے شرمندگی سے بچنے کے لیے ورچوئل خطاب پر اکتفا کیا ،وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی میں ورچوئل خطاب کے بجائے خود جاتے، یہ حکومت جعل سازی سے آئی ہے ہر کام میں جعل سازی کرتی ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نے کبھی محکموں سے مہنگائی اور بے روزگاری کی رپورٹ نہیں لی اور اب اطلاعات آرہی ہیں کہ گیس کے نرخوں میں 35 فیصد اضافہ ہورہا ہے، حکومت کی تمام معاشی پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں، 6 ماہ کے اندر بدترین مہنگائی کی لہر عوام پر ٹوٹنے والی ہے۔