عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو دفن کردینگے ،شہباز شریف

133

راولپنڈی(صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہاہے کہ 2023ء کے عام انتخاباتمیں پی ٹی آئی کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیں گے۔راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہپوئے ان کا کہنا تھاکہ کنٹونمنٹ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی معمولی بات نہیں، تحریک انصاف کو کنٹونمنٹ انتخابات میں ابدی نیند سلا دیا گیا ہے، کنٹونمنٹ بورڈ ز کے صاف اور شفاف انتخابات ہوئے، الیکشن کمیشن کو آئندہ بھی شفاف الیکشن کرانا ہوں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے ہاتھوں سوا 3 سال میں ملک تباہ ہونے پر آ گیا ہے،پاکستان کو معاشی طور پر برباد کردیا ہے، انہوں نے قرضے لے کر پاکستان کو بدحال کردیا ہے، آٹا، دال اور چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہے ہیں، آج غریب آدمی کودوائی نہیں مل رہی ، بجلی کے بل غریب عوام پر بجلی بن کر حملہ کررہے ہیں،قوم کاتیل نکالے والا سلیکٹڈ کہتا ہے آپ نے گھبرانا نہیں، یہ کہتے تھے ایک کروڑ نوکریاں اور لاکھوں گھر دیں گے لیکن انہوں نے روزگار چھین لیے، آج سوا تین سال بعد لوگوں کی آنکھیں کھل گئی ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف تحریک کے لیے عوام کو جلد نکلنا ہوگا۔