عدالت عظمیٰ: 2 کروڑ روپے فراڈ کے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد

86

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے منی ایکسچینج کے نام پر شہری سے 2 کروڑ روپے کا فراڈ کرنے والے ملزم سرفراز صادق کی ضمانت قبل از گرفتاری سے متعلق دائر درخواست خارج کردی۔ ضمانت خارج ہونے پر پولیس نے ملزم سرفراز صادق کو عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیا۔ جمعرات کو جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے معاملے پر سماعت کی، وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ملزم سرفراز صادق نے منی ایکسچینج کے نام پر 2 کروڑ روپے کا فراڈ کیا  اور بحرین فرار ہوگیا، ملزم اسلام آباد کا رہائشی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے جعلی دستاویزات جمع کروانے پر ملزم سرفراز صادق کی ضمانت قبل از گرفتاری کیلیے دائر درخواست خارج کردی۔ واضح رہے کہ سیشن کورٹ نے ملزم سرفراز کو عبوری ضمانت دی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملزم کی ضمانت مسترد کردی تھی، ملزم نے ضمانت کیلیے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔