چیف جسٹس معصوم حمزہ کی ہلاکت کا نوٹس لیں،خرم شیرزمان

149

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے گارڈن ویسٹ کے علاقے میں گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے حمزہ کے گھر پہنچ کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہم نے حمزہ کے اہل خانہ سے ملاقات کی ہے۔ حکومت کی لاپروائی کی وجہ سے چاند جیسا بچہ حمزہ دنیا سے چلا گیا۔ہم چیف جسٹس سے حمزہ کے واقعے کا نوٹس لینے کی درخواست کرتے ہیں۔چیف جسٹس کے نوٹس سے ہی اس صوبے کے وزیر اعلیٰ، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور وزیر بلدیات پر کچھ اثر ہوگا۔ حمزہ کی ہلاکت کی ایف آئی آر مراد علی شاہ کیخلاف درج کی جائے۔اس ایف آئی آر میں وزیر بلدیات اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کو نامزد کیا جانا چاہیے، یہ 3 افراد اس واقعے کے ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں کئی بچے کتے کے کاٹنے سے انتقال کرگئے۔ کئی بچے ویکسین نہ ملنے سے مرگئے، کئی بچے نالوں میں میں مرگئے، صوبے کے وزیراعلیٰ کو شرم نہیں آئی۔ اس صوبے میں حکومت کو عوام کی زندگی سے کوئی غرض نہیں ہے۔ حکومت سندھ کو عوام کے کسی مسئلے سے سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں بچے بھوک و افلاس سے مررہے ہیں، لاڑکانہ میں ایڈز سے بچے مررہے ہیں۔