سی پیک پر محتاط گفتگو کرنی چاہیے‘ اسد عمر

76

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، موجودہ حکومت نے مغربی راہداری پر سنجیدگی سے کام کیا،سی پیک کے پہلے مرحلے میں میں بجلی گھروں کے منصوبوں پر سرمایہ کاری لگائی گئی۔ اب ملک میں کئی ہائیڈل پاور منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں، سی پیک کے حوالے سے محتاط انداز میں گفتگو کی جانے چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک اتھارٹی خالد منصور کے ساتھ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے کئی منصوبے موجودہ حکومت نے مکمل کیے ہیں،ہماری حکومت میں 5864 میگا واٹ کے منصوبے مکمل ہوئے جبکہ گزشتہ حکومت میں 3340 میگاواٹ کے منصوبے مکمل کئے گئے تھے، 1824 میگا واٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔اسد عمر نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرنا اپوزیشن کا حق ہے۔ انہوں نے کہا یہ غلط تاثر دیا گیا کہ سی پیک پر کام رک گیا ہے، ایسی کوئی بات نہیں۔