نیب کاادارہ خود قابل احتساب ہے‘ شاہد خاقان عباسی

162

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب خود قابل احتساب ادارہ ہے‘ صدر مملکت نے وزیراعظم کی تعریفیں شروع کر دیں‘ انہیں مہنگائی نظر نہیں آتی۔ایل این جی ریفرنس کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہو نے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب وہ ادارہ ہے جو خود قابل احتساب ہے‘ چیئرمین نیب سے متعلق اپوزیشن لیڈر سے کوئی مشاورت نہیں ہوئی اور حکومت نے چیئرمین نیب سے متعلق خاموشی کا روزہ رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں میڈیا کو پابند کرنے کے لیے قانون بنائے جائیں‘ اس ملک کے بارے میں دنیا کیا کہے گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کام عوام کے سامنے حقائق رکھنا ہوتا ہے نہ کہ وزیراعظم کی تعریفیں شروع کردیں‘ صدر مملکت کو حقائق کا علم نہیں اور انہیں ملک میں مہنگائی نظر نہیں آتی۔