سکھر سمیت سندھ بھر میں اساتذہ کی بھرتی کا آغاز

148

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھرسمیت سندھ بھرمیں اساتذہ کی بھرتی کے عمل کا آغاز، سکھر سمیت چھے ڈویژن میں تحریری ٹیسٹ کا انعقاد ،ساڑھے چھیالیس ہزار پوسٹوں کے لیے تین لاکھ چھیاسی ہزار امیدوار حصہ لے رہے ہیں، مراکز پر امیدواروں کا رش، سیکورٹی کے سخت انتظامات۔ سکھر سمیت سندھ بھر میں پی ایس ٹی اور جے ایس ٹی کی بھرتی کے لیے آئی بی اے سکھر کے زیر اہتمام بھرتیوں کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے ،آئی بی اے سکھر کے حکام کے مطابق پی ایس ٹی کی 32ہزار 549 اور جے ایس ٹی کی 14 ہزار 39 اسامیوں کے لیے آج تحریری ٹیسٹ لیے جارہے ہیں جس کے لیے آئی بی اے کے پاس تین لاک چھیاسی ہزار دو سو ستر سے زائد درخواستیں آئی ہیں امیدواروں سے تحریری ٹیسٹ کے لیے سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، کراچی، نوابشاہ اور میرپورخاص ڈویژنوں میں مراکز قائم کردیے گئے۔ آئی بی اے حکام کے مطابق تحریری ٹیسٹ کو مکمل طور پر شفاف بنانے اور کسی امیدوار کی جگہ کوئی اور ٹیسٹ نہ دے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے آنسر شیٹ پر امیدوار کا نام اور فوٹو تک دیا گیا ہے۔ دوسری جانب تحریری ٹیسٹ کے آغاز پر مراکز کے اندر اور باہر امیدواروں کا رش دیکھنے میں آرہا ہے۔ مراکز میں کورونا ایس او پیز کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے۔ تحریری ٹیسٹ کے موقع پر مراکز کے اندر اور باہر سیکورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔