سکھر،سیپکو عملے کیخلاف ملازمین کی ہڑتال

191

سکھر (نمائندہ جسارت) روہڑی میں سیپکو عملے پر فائرنگ کا واقعہ ،سیپکو ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کردی ،احتجاجی مظاہرہ و نعرے بازی ،سیپکو ٹیموں کو تحفظ دیا جائے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے، رہنماؤں کا خطاب۔ گزشتہ روز روہڑی تحصیل کے علاقے دبر میں بجلی چوری کیخلاف کارروائی کرنے والی سیپکو کی ٹیم پر مسلح افراد کی مبینہ فائرنگ کے واقعے کیخلاف روہڑی میں سیپکو کے ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کردی۔ ملازمین نے واپڈا ہائیڈرو کے زونل و ریجنل رہنماؤں سید زاہد شاہ، شجاع گھمرو، نذر میمن، عرفان قاضی، امداد میمن ودیگر کی قیادت میں بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے سیپکو کے عملے پر فائرنگ کے واقعے کے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پولیس ملزمان کو نشاندہی کے باوجود گرفتار کرنے سے گریزاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیپکو کی بجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں کرنے والی ٹیموں کو سیکورٹی فراہم کی جائے۔ مظاہرین نے انتباہ کیا کہ اگر سیپکو ٹیم پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمہ درج نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔