اسلام آباد (صباح نیوز) جمعیت علما اسلام (ف) نے پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول زرداری کو11 سوالات کے جوابات دینے کا چیلنج کردیا ‘ بتائیں اسمبلیوں سے استعفے دینے کا انکار کرکے پی ڈی ایم کی پیٹھ میں چھرا کیوں گھونپا ۔ جاری بیان کے مطابق جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ بلاول میں اگر اخلاقی جرأت ہے تو ان سوالات کے جواب دینے کے لیے کسی بھی پلیٹ فارم پر آجائیں۔سوالات یہ ہیں کہ بلاول بتائیں سینیٹ الیکشن میں پوری اپوزیشن کے کہنے کے باوجود میاں رضا ربانی جو بلا مقابلہ چیئرمین بن رہے تھے ان کو کس کے کہنے پر چیئرمین سینیٹ نہیں بنایا اور صادق سنجرانی کو کس کے کہنے پر چیئرمین بنایا؟ صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد تحریک کس کے کہنے پر ناکام کرائی؟2018 ء کے انتخابات میں وزیراعظم کے الیکشن میں شہباز شریف کو کس کے کہنے پر ووٹ نہیں دیا ؟ صدارتی الیکشن میں مولانا کے مقابل اپنا امیدوار اعتزاز احسن کس کے کہنے پر کھڑا کیا؟ پی ڈی ایم کو استعفوں اور لانگ مارچ سے تحریک عدم اعتماد کی طرف کس کی خواہش پر موڑا گیا؟ قومی اسمبلی سے یوسف رضا گیلانی اکثریت نہ ہونے کے باوجود کس کی مدد سے سینیٹر منتخب ہوئے‘ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں ان کی جماعت نے پی ڈی ایم کے امیدوار مولانا حیدری کو کس کے کہنے پر ووٹ نہیں دیا؟ سندھ کے وسائل ملٹی نیشنل کمپنیوں کو کس کے کہنے پر اور کتنے میں بیچے؟ الیکشن کے نتائج کی رات لاڑکانہ کی سیٹ پر عبرتناک شکست سے بچنے اور جمعیت علما اسلام کی جیتی ہوئی سیٹ چھیننے کے لیے کتنی پیمنٹ کس کو اور کہاں پر اور کس کے ذریعے کی۔