پاکستان کا ایشین والی بال چمپئن شپ میں فاتحانہ آغاز

156

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان نے 21 ویں ایشین والی بال چمپئن شپ میں اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو 2-3 سے ہرا دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اپنے پہلے میچ تھائی کو 2-3 سے ہرا دیا۔ میچ میں 5 سیٹ کھیلے گئے۔ تھائی لینڈ نے پہلے اور تیسرے سیٹ میں بالترتیب 22 کے مقابلے میں 25 اسکور اور 21 کے مقابلے 25 اسکور سے کامیابی حاصل کی۔ جبکہ پاکستان نے دوسرے، چوتھے اور پانچویں سیٹ میں بالترتیب 23 کے مقابلے 25 اسکور، 23 کے مقابلے 25 اسکور اور 12 کے مقابلے 15 اسکور سے فتح حاصل کی۔ چمپئن شپ 12 ستمبر سے 19 ستمبر تک جاپان میں کھیلی جائے گی، چمپئن شپ میں ایشیائی سطح کی 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو 4 گروپوں میں شامل کیا گیا ہے گروپ اے میں میزبان جاپان، بھارت، قطر اور بحرین شامل ہیں، پاکستان کو گروپ بی میں ایران، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کے ساتھ رکھا گیا ہے اور اسی طرح گروپ سی میں آسٹریلیا، چین، سری لنکا اور کویت جبکہ گروپ ڈی میں جنوبی کوریا، تائیوان، قازقستان اور سعودی عرب کی ٹیمیں شامل ہیں۔