نوشہرہ کینٹ پرویز خٹک نے انتخابی عملہ تبدیل کرادیا،مداخلت ثابت ،غلام سرور پر 30 ہزار جرمانہ

225

نوشہرہ /راولپنڈی( صباح نیوز+آئی این پی) نوشہرہ کینٹ بورڈ انتخابات میں وزیر دفاع پرویز خان خٹک کی مداخلت ، 24گھنٹے میں انتخابی عملے میں ردو بدل ، پی ٹی آئی کے سرگرم کارکن سرکاری ملازمین کی ڈیوٹیاں لگانے کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے علم بغاوت بلند کر دیا ، جانبداری کی کوشش کی گئی تو بگڑے حالات کی تمام تر ذمے داری ڈپٹی کمشنر نوشہرہ ، ڈی پی او نوشہرہ ، الیکشن کمشنر سمیت متعلقہ حکام پر ہوگی ، گزشتہ 24گھنٹے کے دوران ڈیوٹیوں میں ردو بدل کے ذریعے تعینات کیے گئے پولنگ عملے کی آزاد ذرائع سے تصدیق کی گئی ہے جن کی وابستگی پی ٹی آئی سے نکل آئی ، اسی طرح سیکورٹی عملے کی تعیناتی میں بھی ردو بدل تشویشناک اور دھاندلی کی منصوبہ بندی کی دلیل ہے ، حکام نے نوٹس نہیں لیا تو آج حالات بگڑسکتے ہیں ۔ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی مشترکہ پریس کانفرنس ۔ جماعت اسلامی ضلع نوشہرہ کے امیررافت اللہ ، عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر جمال خان خٹک ، جمعیت علما اسلام نوشہرہ کے نائب امیر قاری ظہور احمد ، پاکستان مسلم لیگ(ن)نوشہرہ کے ضلعی جنرل سیکرٹری انجینئر نہال خان ، پاکستان پیپلز پارٹی کے آفتاب راہی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج نوشہرہ کینٹ اور رسالپور کینٹ میں ہونے والے انتخابات میں حکومتی پارٹی کے وزیر دفاع پرویز خان خٹک انتخابی جلسوں میں ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کررہے ہیں، یہاں تک کہ دھاندلی کا بڑا منصوبہ بنایا گیا ہے اور نوشہرہ کینٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کے سرگرم کارکنوں کے بھائیوں رشتہ داروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں پوری سرکاری مشینری استعمال کی گئی ہے جبکہ مقامی الیکشن کمشنر بھی فریق بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت ہوگیا مزید سرکاری وسائل انتخابات جتوانے کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے اگر مزید مداخلت کی گئی تو ہم نہ صرف مذمت کریں گے بلکہ مزاحمت بھی کریں گے اور اگر حالات بے قابو ہو گئے تو اس کی تمام تر ذمے داری الیکشن کمشنر سمیت نوشہرہ کی ضلعی و پولیس انتظامیہ اور حکومت پر عاید ہو گی ۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے کنٹونمنٹ انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کو 30ہزار روپے جرمانہ کردیا۔ راولپنڈی میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر شاہین غزل نے کہا کہ وفاقی وزیر غلام سرور خان نے پابندی کے باوجود واہ کینٹ بورڈ وارڈ 5میں امیدوار کے جلسے میں شرکت اور تقریر کی، وفاقی وزیر پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام ثابت ہوگیا ہے، حکم نامے میں کہا گیا کہ غلام سرور خان 30ہزار روپے جرمانے کی رقم ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں ۔