کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کل ہوں گے ، انتخابی مہم ختم ، راولپنڈی کے 2 پولنگ اسٹیشن تبدیل

118

 

اسلام آباد ؍ لاہور ؍ کراچی (اسٹاف رپورٹر + نمائندگان جسارت) ملک میں 12 ستمبر (اتوار کے روز) ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں جب کہ انتخابی مہم گزشتہ شب 12 بجے ختم ہوگئی۔ اس سلسلے میں کراچی، راولپنڈی، لاہور سمیت ملک بھر کے کنٹونمنٹ علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سیاسی گہما گہمی اپنے عروج پر ہے۔ اس دوران سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کی عوامی رابطہ مہم اور ریلیوں کا بھرپور سلسلہ جاری رہا، جس میں امیدواروں نے گھر گھر جاکر ووٹرز کو قائل کرنے کے لیے اپنی خدمات کا یقین دلایا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈز کے 12 ستمبر کو ہونے والے انتخابات کے لیے رینجرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے کہا ہے کہ صوبے کے 22 کنٹونمنٹ بورڈز کے 1 ہزار 155 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 184 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔ انتخابات کے دوران رینجرز کے جوان پولنگ اسٹیشن کے باہر گشت کریں گے جبکہ پریزائیڈنگ افسر
نتائج آر او کو پہنچانے تک کہیں نہیں جا سکتے۔ کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی اور چکلالہ کے 19 وارڈز میں 160 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ قبل ازیں دونوں کنٹونمنٹ بورڈز میں سیکورٹی، بیلٹ پیپرز کی منتقلی، عملے کی تربیت اور تعیناتی کا انتظام مکمل کیا جا چکا تھا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، تحریک اللہ اکبر، تحریک لبیک اور مسلم لیگ ق کے نامزد امیدواروں کے علاوہ کثیر تعداد میں آزاد امیدوار بھی میدان میں موجود ہیں۔ دریں اثنا الیکشن کمیشن نے انتظامی وجوہات کی بنا پر راولپنڈی کنٹونمنٹ کے 2 پولنگ اسٹیشن تبدیل کردیے ہیں۔ راولپنڈی میں چکلالہ کنٹونمنٹ کے وارڈ نمبر 1 سے 5 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 11 اور 12 تبدیل کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں چکلالہ کنٹونمنٹ کے ہی وارڈ نمبر 6 سے 10 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 1 اور 2 کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔ پولنگ اسٹیشن نمبر 11 اور 12 ایف ڈبلیو او پبلک سکول گریسی لائن میں قائم کیے گئے تھے جنہیں تبدیل کر کے ایف جی گرلز ہائی سکول گریسی لائن میں قائم کر دیا گیا ہے جبکہ پولنگ اسٹیشن نمبر 1 اور 2، 502 اسکول مین اڈیالا چکلالہ میں قائم کئے کیے گئے تھے جنہیں تبدیل کر کے سینٹ میری اسکول تلسہ روڈ میں قائم کیا جائے گا۔ اُدھر بلوچستان کے شہر ژوب میں ریٹرننگ آفیسر کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں خاتون سمیت 7 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 13 ہزار سے زائد ووٹرز اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے حق رائے دہی استعمال کریں گے جہاں 7 اضلاع میں کل 137 امیدوار میدان میں ہیں۔ دوسری جانب ترجمان دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق لوکل گورنمنٹ الیکشن برائے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخاب کی تیاریاں مکمل ہیں اور پولنگ 12ستمبر بروز اتوار صبح 8بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ اِس ضمن میں ضابطہ اخلاق کی پابندی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ذرائع ابلاغ پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹے تک کسی بھی پولنگ اسٹیشن کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ جاری نہ کریں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں تمام پولنگ اسٹیشنوں کے باہر پرامن انتخاب کے لیے رینجرز کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔