طالبان حکومت تسلیم کرنے کیلئے دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں،شیخ رشید

296

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ طالبان ایک حقیقت ہیں‘ ضروری نہیں کہ وہ ہمارے مشوروں پر چلیں۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق سوال پر کہا کہ ہم دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں‘ وزیراعظم جلد دوشنبے میں روسی صدر کے علاوہ ایرانی اور ازبک صدر سے ملاقات کریں گے‘ موجودہ صورتحال میں وزیراعظم عمران خان اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ شیخ رشید نے انکشاف کیا کہ طالبان کو کابینہ میں عبداللہ عبداللہ اور حامد کرزئی کو شامل کرنے کا کہا تھا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ کیا آپ نواز شریف اور آصف علی زرداری کو اپنی کابینہ میں شامل کریں گے؟ وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان کے آنے سے بھارت کو بہت دھچکا لگا ہے ‘ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ افغانستان کو جو تعاون درکار ہو گا ہم فراہم کریں گے‘ جغرافیائی طور پر افغانستان کی پوزیشن بہت اہم ہے۔