ریاست مدینہ کی بات کرنیوالے دھوکے باز ہیں،انہیں عوام کی فکر نہیں،سراج الحق

254
 حیدرآباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق پریس کانفرنس کررہے ہیں،اسد اللہ بھٹو،محمد حسین محنتی ودیگر بھی موجود ہیں

حیدرآباد+مٹیاری(اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے شہزادے شہزادیوں کو غریب کی کوئی فکر ہے نہ ہو گی۔ سندھ کے عوام جاگیرداروں اور وڈیروں کے بتوں کو توڑیں اور ملک میں نظام مصطفی کے نفاذکے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں وہ مٹیاری میں پیر غلام مجدد سرہندی کی جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر ہونے والے عظیم الشان جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو، امیر سندھ محمد حسین محنتی، عبدالوحیدقریشی ، حافظ طاہر مجید ، حزب اللہ جھکرو ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا ، حیدرآباد کے امیر عقیل احمد خان ،علما و مشائخ رابطہ کونسل کے قائدین میاں مقصود احمد اور خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ بھی موجود تھے۔ قبل ازیں امیر جماعت نے حیدرآباد میں سردار زبیر خان سولنگی کے استقبالیہ میں شرکت اورسید جانی شاہ کی رہائش گاہ پر سید شہاب الدین شاہ کے بھائی سید فیروز شاہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ امیر جماعت پاکستان نے سکرنڈ میں درگاہ پیر ذاکری کے سجادہ نشین سید منیر شاہ ذاکری سے ملاقات کی اور درگاہ کی جامع مسجد میں خطبہ جمعہ دیا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہاکہ ملک میں جمہوریت نہیں بلکہ بادشاہت جیسا نظام چل رہا ہے۔ سندھ کے عوام جاگیرداروں اور وڈیروں کے بتوں کو توڑیں اور ملک میں نظام مصطفیٰ کے نفاذکے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ روایتی سیاسی پارٹیوں نے سندھ سمیت پورے ملک کو برباد کر دیا، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں اشیائے خورونوش، ادویات، پیٹرول اورگیس کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ ہوا۔ ملک میں ظلم و ناانصافی میں اضافہ اور کرپشن کو ٹاپ گیئر لگ گیا۔ کہاں ہے وہ مدینہ کی ریاست جس کا وزیراعظم دن رات وعدے کرتا تھا۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے پاکستان کے22کروڑ عوام کو چند خاندانوں نے غلام بنایا ہوا ہے انہی عناصر نے ہمیں ایک امت اور قوم نہیں بننے دیا، پاکستان کو دولخت ان ہی اشرافیہ نے کیا،یہ اپنے مفاد کے لیے سب کچھ کرسکتے ہیں برصغیر میں انگریز آیا تو اسکا ساتھ دیا ایسٹ انڈیا کمپنی کے ساتھی بن گئے اور انگریز سے زمینیںو مراعات حاصل کیں اور جب پاکستان بنا تو یہی عناصر اسٹیبلشمنٹ کے دست وبازو بن گئے انہوں نے پاکستان کے سیاسی و معاشی نظام کو مستحکم ہو نے دیا نہ ہمیں ایک قوم بننے دیں گے۔ اس ملک کے وی آئی پیز کے محلات بیرون ملک اور ان کا پینے کا پانی تک بھی باہر سے آتا ہے،یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ڈاکٹر عافیہ کو امریکا کے حوالے کیا۔ ان حکمرانوں نے کراچی جیسے روشنیوں کے شہر کو تاریکیوں میں ڈبو دیا۔ سندھی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملک کے لیے کھڑے ہوں۔ مٹیاری میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے اس امر پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا کہ حضرت مجدد الف ثانیؒ کے نواسے اپنی جماعت اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شامل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مٹیاری نہیں بلکہ پورے سندھ کے عوام کے لیے خوش خبری ہے۔ جماعت اسلامی میں شامل ہونے والے دربارعالیہ مجددیہ سرہندی مٹیاری شریف کے سجادہ نشین پیر غلام مجدد سرہندی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے آبا¶ اجداد نے تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا ہم تبدیلی چاہتے ہیں، مجھے جماعت اسلامی سے زیادہ صاف و شفاف کوئی جماعت نظر نہیں آئی۔