ن لیگ اپوزیشن یا حکومتی سہولت کار ہونے کا فیصلہ،بلاول زرداری

251
رحیم یار خان: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری ورکرز کنونشن سے خطا ب کررہے ہیں

رحیم یار خان (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے اپوزیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ ووٹ کی عزت کرتے ہیں تو آپ اپنے ووٹ کو استعمال تو کریں، جو راستہ ہم نے آپ کو دکھایا تھا اس پر چلیں، اب آپ کی دوغلی پالیسی نہیں چلے گی آپ اپوزیشن کا کردار ادا کریں یا اعلان کریں کہ آپ حکومت کے سہولت کار ہیں، ہم آپ کو مجبور کریں گے کہ اپوزیشن کا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ ظالم اور سلیکٹڈ وزیراعظم سے آج نہیں تو کل حساب لیں گے، جب حساب لینے کا وقت آئے گا تو یہ اکیلا ہی رہے گا، اس آدمی نے کہا کہ 90 دن میں کرپشن ختم کروں گا، ایک کروڑ نوکری دلواؤں گا، 50 لاکھ گھر بنواؤں گا، پاکستان کی عزت کو بحال کروں گا اور آپ نے دیکھا کہ ہر ایک وعدہ جھوٹا اور دھوکا نکلا۔ رحیم یار خان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں آپ سب کی بدولت پاکستان پیپلز پارٹی دن بہ دن ترقی کر رہی ہے اور مستقبل میں حکومت بنانے کا کردار ادا کرے گی، آنے والے وقت میں پاکستان پیپلز پارٹی ناصرف وفاق میں حکومت سازی کرے گی بلکہ صوبائی سطح پر بھی پاکستان پیپلز پارٹی ہی حکومت بنائے گی، اس ملک کے عوام قائد عوام کے نظریے اور بینظیر بھٹو شہید کے منشور پر چلنے والی حکومت کیلیے ترس رہے ہیں۔ اس ملک نے میاں صاحب کی حکومت بھی دیکھی ہے اور خان صاحب کی حکومت بھی بھگتی ہے اور انہیں یاد آ رہا ہے کہ جب قائد عوام اس ملک کے وزیر اعظم تھے تو حکومت کیسے چلتی تھی اور آج افسوس کے ساتھ دیکھ رہے ہیں کہ جب ایک کھلاڑی ہم پر مسلط کیا گیا ہے تو اس نے اس ملک کے ساتھ کیا حشر کیا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ دن بھی تھا جب پاکستان کا وزیر اعظم امریکا جاتا تھا تو امریکا کے صدر نے کہا تھا کہ اگر آپ امریکی شہری ہوتے تو آپ میری کابینہ میں ہوتے لیکن پاکستان کے وزیر اعظم نے جواب دیا تھا کہ اگر میں امریکی شہری ہوتا تو آپ کی جگہ پر ہوتا اور آج ہم وہ دن دیکھنے پر مجبور ہیں کہ ہمارے وزیر خارجہ اور باقی اہم عہدیدار امریکا میں گھوم رہے ہیں اور بھیک مانگ رہے ہیں کہ ذرا ایک فون کال کروا دیں۔