عدالت عظمیٰ میں جونیئر جج کی تعیناتی کیخلاف وکلا سراپا احتجاج

131

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وکلا تنظیموں کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں جونیئر جج کی تعیناتی کے خلاف دی جانے والی ہڑتال کی کال پر وکلا سراپا احتجاج بن گئے، وکلا نے سندھ ہائیکورٹ کی مرکزی عمارت کے دروازے بند کردیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سمیت دیگر وکلا تنظیموں کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں جونیئر جج کی تعیناتی کے خلاف دی جانے والی ہڑتال کی کال پرجمعرات کو سندھ ہائی کورٹ سمیت ماتحت عدالتوں میں وکلا برادری نے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا اور وکلا مقدمات کی پیروی کے لیے عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے جبکہ بائیکاٹ کے موقع پر وکلا اور سائلین کا عدالتوں میں داخلہ بند کردیا گیا۔ گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد وکلا کی یہ پانچویں ہڑتال ہے۔ سندھ ہائیکورٹ بار عہدیداران نے ججز سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ وکلا نے کہا کہ ہڑتال ہے، ججز تعاون کریں، فوری کیسز چیمبرز میں سن لیں۔ جسٹس اقبال محمد کلہوڑو اور جسٹس محمد سلیم جیسر نے فوری طور پر چیمبرز میں جانے سے انکار کردیا۔