اسلام آباد ( آن لائن)پاک فضائیہ کے سربراہ سے ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی ہے جس میں پیشہ وارانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی سفیر نے سرباہ پاک فضائیہ ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے یہاں ملاقات کی۔ سید محمد علی حسینی نے پیشہ ورانہ مہارت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی تعریف کی۔ ائر چیف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے جو دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔