گوادر اور کوئٹہ حملوں کے دہشت گرد افغانستان سے آئے ،شیخ رشید

240

اسلام آباد(آن لائن )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ گوادر اور کوئٹہ میں حال ہی میں ہونے والے حملے میں ملوث دہشت گرد وںکی شناخت ہوگئی ہے، دونوں افغانستان سے آئے تھے، ہم افغانستان میں امن اور استحکام کے ساتھ ہیں، افغانستان کے نئے سیاسی حالات ایک حقیقت ہیں، پوری دنیا کے میڈیا میں افغانستان ٹاپ ٹرینڈ ہے، اور بھارتی میڈیا پاکستانی وفد کے دورہ افغانستان پر واویلا مچارہا ہے،سی پیک پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے ، طالبان بھی یہی سوچ رکھتے ہیں تو بہت اچھی بات ہے، اپوزیشن کی سیاست لاہور تک ہے۔ پیر کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گوادر اور ایف سی پر دھماکے کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے، مستونگ اور گوادر میں حملہ کرنے والے دہشت گرد افغانستان سے آئے تھے، 12 تاریخ سے چمن اور طورخم بارڈر کھول رہے ہیں، نیپ اور ایم سی ایم آئی کا قیام عمل میں لے آئے ہیں، طورخم اور چمن پر نادرا اور ایف آئی اے کا عملہ دگنا کرنے جا رہے ہیں،طور خم کا دورہ کیا وہاں حالات ٹھیک ہیں، پاکستان میں کوئی فیورٹ کیمپ نہیں، بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان میں کوئی مہاجر کیمپ نہیں، بھا ر ت کا پروپیگنڈا بے بنیاد ہے۔انہوں نے کہا مستقبل میں افغانستان کی سیاست کا خطے میں بہت بڑا دخل ہوگا، پاکستان کیا کرنے جارہا ہے یہ عمران خان کا فیصلہ ہے۔ بھارت کی افغانستان میں ساری سرمایہ کاری تباہ ہونے کی وجہ سے پیٹ میں درد ہے۔ افغانستان کے نئے سیاسی حالات ایک حقیقت ہیں، ساری دنیا کی سیاست کا مرکز افغانستان بننے جا رہا ہے، پوری دنیا کے میڈیا میں افغانستان ٹاپ ٹرینڈ ہے، اور بھارتی میڈیا پاکستانی وفد کے دورہ افغانستان پر واویلا مچارہا ہے، پاکستانی وفد نے کابل کا دورہ کیا تو بھارت میں بے چینی پیدا ہوئی، بھارتی میڈیا کو دیکھ کر ہنسی آئی، ایسا لگ رہا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کابل نہیں دہلی گئے ہیں ۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی زمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہوگی تاہم یہاں بی ایل اے، داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں ہیں ہماری فوج ان سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ سی پیک کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے، اگر طالبان بھی یہی سوچ رکھتے ہیں تو بہت اچھی بات ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا کس سمت جارہی ہے اپوزیشن کو کچھ سمجھ نہیں آرہی، بلاول، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی سیاست ختم ہورہی ہے۔