اسلام آباد(آن لائن) سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے الزام عاید کیا کہ نیب نے ان پر بے بنیاد اور جھوٹے کیسز بنائے ہوئے ہیں جبکہ نیب نے احسن اقبال کے مسلسل الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ نیب نے احسن اقبال کے خلاف قانون کے مطابق ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ریفرنس دائر کیا ۔پیر کو احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے نے کہا کہ جھوٹے کیس صرف عمران خان کی انتقام کی آگ بجھانے کے لیے بنائے جارہے ہیں۔ جس پر نیب نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ فرد نے نیب پربے بنیاد اور من گھڑت الزامات سے زیر سماعت مقدمات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی ۔انہوں نے کہا کہ نیب کی ساکھ اور شہرت کو نقصان پہنچانے کی مذموم پراپیگنڈہ مہم کا حصہ ہے جس کی نیب نہ صرف مذمت کرتا ہے بلکہ نیب نے فیصلہ کیا ہے کہ معزز عدالت مجاز میں زیر سماعت مقدمات کے بارے میں عوام کو گمراہ کرنے کے بارے میں مذکورہ فرد کے تمام بے بنیاداور من گھڑت الزامات کی مکمل کاپی پیمرا سے حاصل کر کے نیب آرڈیننس کی شق(a)31کے تحت عوام کو گمراہ کر نے اوربے بنیاد پروپیگنڈہ کا جائزہ لیا جائے گا اس سلسلہ میں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔