متاثرین نیلم جہلم پروجیکٹ نے احتجاج کی دھمکی دیدی

177

مظفرآباد(صباح نیوز)متاثرین نیلم جہلم پروجیکٹ کے مسائل جوں کے توں‘ متاثرہ عوام نے احتجاج کی دھمکی دیدی۔ احتجاج کے لیے مشاورت شروع کردی۔ پی ڈی واپڈا اور انتظامیہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ نے متاثرین کو رلانا شروع کردیا ہے۔ متاثرین کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان کو تنگ کرنا شروع کر دیا ۔جب کوئی متاثرہ شخص مسئلہ لے کر جاتاہے تو اس کے ساتھ بداخلاقی اور بدتمیزی سے پیش آنا معمول ہے۔ ایک سال سے زاید عرصے سے لیز پر حاصل کی گئی اراضی کا کرایہ ادا نہیں کیا جارہا ہے اور نہ ہی زمین مالکان کو واپس کر رہا ہے۔ متاثرین کے حق میں دیے گئے عدالت عالیہ کے فیصلوں کو بھی خاطر میں نہیں لا یا جاتا۔پی ڈی واپڈا خود کو تمام قانون سے بالاتر سمجھتا ہے،غریب عوام کا کوئی کام نہیں کرتا۔ متاثرین نیلم جہلم اس سے تنگ ہیں کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقع پیش آ سکتا ہے اور اس کے خلاف متاثرین بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک چلانے پر غور کر رہے ہیں۔ متاثرین نے مطالبہ ہے کہ پی ڈی وسان بخش کو تبدیل کر کے کوئی باکردار نیا پی ڈی لگایا جائے۔ فوری طور پر لیز پر لی گئی اراضی کا کرایہ ادا کیا جائے، ملازمتوں میں برابری کی سطح پر حصہ دیا جائے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں گے جس کی تمام تر ذمے داری پی ڈی واپڈا نیلم پر عاید ہو گی۔