چین کا ایران کے ساتھ دوستانہ تعاون مضبوط کرنیکا اظہار

365

بیجنگ (صباح نیوز) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں ایران کے ساتھ دوستانہ تعاون مضبوط کرنے کا اظہار کیا ہے۔ چینی ریڈیو کے مطابق وانگ یی نے کہا کہ گزشتہ ماہ چین ایران سفارتی تعلقات کے قیام
کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک کے سربراہان نے اپنی ٹیلی فونک بات چیت میں چین ایران تعلقات کے مستقبل کی ایک نئی سمت متعین کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین دونوں سربراہان کے مشترکہ اتفاقِ رائے کے حصول کی خاطر مختلف شعبوں میں دوستانہ تعاون و تبادلوں کو وسعت دینے، کثیر الجہتی کے مشترکہ فروغ اور دونوں ممالک کی خود مختاری اور سالمیت کے تحفظ کے سلسلے میں ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جامع تعاون دونوں ممالک کے طویل مدتی مفاد میں ہے ۔ انہوں نے چین کی خود مختاری سے متعلق اہم معاملات پر ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ ایرانی وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای ایران اور چین کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ کو بے حد اہمیت دیتے ہیں۔