اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ حکومتی جھوٹ کا ثبوت ہے، شہباز شریف

203

لاہور (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک اور نیپرا کی اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ کو مسلم لیگ(ن) کی سچائی اور حکومت کے جھوٹ کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک اور نیپرا رپورٹ میں کیس اور فیس دونوں صاف نظر آرہے ہیں، خدا کرے نیب کو بھی نظر آجائیں۔ اپنے ٹوئٹر بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فرنس آئل منگوانے میں کمی اور کوئلے ملکی کے استعمال سے درآمدات میں کمی ہوئی، یہ نوازشریف کے وژن کی جیت ہے۔2019ء میں تھر میں کوئلے سے چلنے والے 660 میگاواٹ پاور پلانٹ چلنے سے بجلی کی پیداوار میں 45 فیصد اضافہ ہوا، یہ چین کا تعاون تھا۔ انہوں نے کہا کہ صرف 3 ماہ میں قومی خزانے کو 50 کروڑ ڈالر یعنی 83 ارب روپے کا نقصان حکومتی جرائم کا ثبوت ہے، حکومت نے مارکیٹ سے 30 فیصد مہنگی ایل این جی خرید کر عوام پر ظلم ڈھایا۔ آج کیا ہو رہا ہے نیب کو نظر نہیں آرہا، وہ 5 سال پرانے معاہدوں کو کھنگال رہی ہے، افسوس ہے۔