لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) تفریح مقام گورکھ ہل اسٹیشن سے واپسی پر راستے بہتر نہ ہونے کے باعث محکمہ ریونیو لاڑکانہ کے افسران کی گاڑی کو حادثہ، بریک فیل ہونے اور گاڑی کھائی میں گرنے کے باعث تحصیلدار، تپیدار سمیت چار افراد ہلاک پانچ زخمی ہو گئے، افسران گورکھ ہل اسٹیشن گھومنے اور رات گزارنے کے بعد آج واپس آ رہے تھے کہ کھاوڑ لیک 37 زیرو پوائنٹ کے مقام پر اچانک بریک فیل ہونے سے گاڑی کنٹرول سے باہر ہوئی اور کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں تحصیلدار لاڑکانہ سلیم اللہ رند، تپیدار روشن سیال، کوٹوار واحد بخش کھکھرانی اور طارق چانڈیو موقع پر ہی جانبحق ہو گئے جبکہ زخمیوں میں اسلم سیال، رشید رانجھانی باورچی ماجد گوہانگ، اکبر راجپر اور گل حسن جونیجو شامل ہیں، حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو واہی پاندھی اسپتال منتقل کیا گیا، واضح رہے کہ سالہ سال سے گورکھ ہل اسٹیشن کی تعمیر و ترقی کے لیے فنڈز جاری ہوتے رہتے ہیں تاہم خطرناک پہاڑی راستوں کو محفوظ نہ بنانے کے باعث حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔