کراچی (سید وزیر علی قادری ) بلدیہ یوتھ ہاکی کلب بلوز نے پہلی بلدیہ ہاکی چیمپئنز ٹرافی جیت لی۔ فائنل مقابلے میں بلدیہ یوتھ کلب اورنج کو ایک کے مقابلے میں2 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، اولمپئنز حنیف خان، ناصر علی اور سمیر حسین نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ حنیف خان کا کہنا تھا کہ کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر علی کا کردار مثالی رہا۔بلدیہ ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں بلدیہ یوتھ ہاکی کلب بلو اور بلدیہ یوتھ ہاکی کلب اورنج کے درمیان کھیلا گیا، پہلے ہاف کے اختتام پر مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔ بلدیہ یوتھ بلو نے کھیل کے 10ویںمنٹ میں شاہ زیب خان کے خو بصورت فیلڈ گول کے باعث 0-1 کی برتری حاصل کرلی تاہم 21 ویں منٹ میں بلدیہ یوتھ اورنج کے علی مسرت نے گیند کو جال کی راہ دیکھا کر مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کردیا۔ دوسرے ہاف میں کھیل کے اخری لمحات میں بلدیہ یوتھ بلو نے بہترین ٹیم ورک کے ذریعے حارث نصیر کے شاندار گول کے باعث فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔