حیدرآباد، خیرپور، لاڑکانہ میں کسانوں کیلیے ریڈیو نشریات کا آغاز

147

کراچی(نمائندہ جسارت) سندھ حکومت نے صوبے کے کسانوں کیلیے3 بڑے شہروں حیدرآباد، خیرپور اور لاڑکانہ میں ریڈیو نشریات کا آغاز کردیا ہے جبکہ خوراک پر قابو پانے اور مستحق طبقے کیلیے سبزیاں کاشت کرنے کا پروگرام بھی محکمہ زراعت سندھ نے شروع کر دیا ہے۔ سندھ کے مشیر زراعت منظور وسان نے بتایا کہ ریڈیو کے ذریعے موسم کی صورتحال، پانی اور موزوں
فصلوں کی کاشت سے متعلق آگاہی کیلیے روزانہ ایک گھنٹہ نشریات ہونگی، جس کی نگرانی محکمہ زراعت کے ریجنل ڈائریکٹرز کرینگے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت سندھ نے خوراک پر قابو پانے اور مستحق طبقے کیلیے سبزیاں کاشت کرنے کا پروگرام بھی شروع کردیا ہے، اس پروگرام کے تحت غریب ہاری خواتین کو تھرپار کر میں چھوٹے رقبے پر گھروں میں سبزیوں کی کاشت کیلیے 1500 کچن گارڈن کٹس مفت فراہم کی گئی ہیں، سندھ کے دیگر 500 دیہات میں جلد پروگرام کا آغاز کیا جائے گا، کچن گارڈن کٹس میں کوتال، کڑچی، پائپ، بالٹی، 200 لیٹر پانی کا ڈرم، بیج اورکھاد مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔ غریب ہاری خواتین سبزی اگا کر خود بھی استعمال کرتی ہیں اور اپنے گھر کا خرچہ بھی نکال لیتی ہیں۔