سیکورٹی خطرات پر چمن سرحد بند کرسکتے ہیں،شیخ رشید

425
اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد سیکٹر آئی 16میں پولیس اسٹیشن کا افتتاح کررہے ہیں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے چمن بارڈر کچھ عرصے کے لیے بند کر سکتے ہیں ،خطے میں پاکستان کی ذمے داریاں بڑھنے والی ہیں،ہمارے اداروں کا افغانستان کے معاملات میں کوئی عمل دخل نہیں ہے ،این ڈی ایس اور را کا ستیاناس ہو گیا ان کے چہرے لٹکے ہوئے تھے ۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں پولیس اسٹیشن کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت افغانستان میں امن چاہتی ہے، طورخم بارڈر پر حالات نارمل ہیں، چمن بارڈر کو بند کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کا ملبہ پاکستان پر ڈالا جا رہا تھا، افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کی فوٹیج دے کر ان کا منہ بند کرا دیا، وزیراعظم نے مزید 1200 سیف سٹی کیمروں کی منظوری دے دی۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نون لیگ قیادت کے اپنے اپنے بیانات ہیں، ن لیگ کے صدر قومی حکومت بنانے کا کہہ رہے ہیں، ن لیگ کی دوسری رہنما کہہ رہی ہیں حکومت سے بات نہیں کرنی، حکومت کے دروازے اپوزیشن سے بات چیت کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، اپوزیشن کو حکومت سے بات چیت کرنا پڑے گی، اپوزیشن لانگ مارچ کرنا چاہتی ہے تو شوق سے کرے، یہ لانگ مارچ کا وقت نہیں، کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا کے بہت بڑے عظیم انسان سید علی گیلانی نے شہادت کا رتبہ پایا، پوری قوم سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ان کی شہادت پر قومی پرچم سرنگوں ہے، علی گیلانی کی تدفین کے لیے بھارت نے لوگوں کو شرکت نہیں کرنے دی، سید علی گیلانی ہمیشہ لوگوں کے دلوں میں رہیں گے۔