اسلام آباد (کامرس ڈیسک )روالپنڈی چیمبر کے سابق نائب صدر چودھری پرویز وڑائچ نے کہا ہے کہ راولپنڈی جیسے اہم اور بڑے کاروباری مرکز میں سافٹ وئر ٹیکنالوجی پارک وقت کا تقاضہ ہے، وزارت سائینس وٹیکنالوجی،صوبے کی انتظامیہ اور وزارت منصوبہ بندی کو اس پر فوری کام کرنا چاہئے،پہلے مرحلہ میں اس کو کسی عارضی عمارت میں شروع کر دیا جائے جبکہ اس کے لئے رنگ روڈ راولپنڈی کے ساتھ مخصوص مقام رکھا جائے،ایک گفتگو میں انہوں نے کہا کہ صرف اس ایک ٹیکنالوجی پارک سے ایک ارب ڈالر کی برامدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے،محدود سی سرمایہ کاری سے اس کام کا آغاز کیا جا سکتا ہے مگر اس کے فوائد ان گنت ہوں گے،انہوں نے کہا کہ ملک میں بے روز گاری کی شرح میں کمی کرنا ہے تو پہلے ان کاموں پر توجہ دینا ضروری ہے جن پر لاگت کم اور نتائج بہت ہی مثبت ہیں،انہوں نے کہا کہ راولپنڈی افغانستان میں امن کے بعد سینٹرل ایشاء کا گیٹ وے بنے گا،اس لئے شہر کے انفراسٹکچر پر سرمایہ کاری کی جائے،نالہ لئی ایکسپریس وے کے منصوبے کو بھی جلد از جلد پائے تک تک پہچایا جائے۔