اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ 20 بڑے شہروں میں 40 فیصد ویکسی نیشن کا ہدف پورا کرلیا ہے جبکہ سنگل ڈے ویکسینیشن پہلی بار 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سربراہ این سی او سی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ سنگل ڈے ویکسینیشن پہلی بار 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی، گزشتہ روز 1 عشاریہ 59 ملین ویکسی نیشن کی گئیں، گزشتہ روز دوسری ڈوز سب سے زیادہ دس لاکھ 71 ہزار 519 افراد کو لگائی گئی۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ اگست کے آخر تک 24 شہروں کی 40 فیصد آبادی کا ہدف مقرر کیا تھا، ان 24 بڑے شہروں میں سے 20 نے ہدف پورا کیا، حیدرآباد، مردان، نوشہرہ اور کوئٹہ نے ہدف پورا نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی 35 فیصد اہل آبادی کو کورونا ویکسین کی کم ازکم ایک ڈوز لگ چکی ہے، اسلام آباد 69، آزاد کشمیر 51، گلگت بلتستان 39، پنجاب میں 37، خیبر پختونخوا 35، سندھ 32 اور بلوچستان میں 12 فیصد اہل آبادی کو ویکسین لگ گئی ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ ستمبر کے لیے 24 بڑے شہروں کی ویکسینیشن کا ہدف مقرر کیا ہے، جزوی ویکسینیشن 60 فیصد جبکہ مکمل ویکسینیشن کے لیے 40 فیصد ہدف ہے، یہ ایک مشکل ہدف ہے خاص طور پر مکمل ویکسینیشن تاہم امید ہے ہدف مکمل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔