سربراہ پاک بحریہ کی ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی سے ملاقات

82

اسلام آباد(صباح نیوز)ایران و پاکستان نے علاقائی سطح پر تہران اوراسلام آباد کے درمیان باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیاہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے اپنے حالیہ دورہ ایران پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے
فروغ،علاقائی سطح پر پاکستانی اور ایرانی بحریہ کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیاہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستانی بحریہ کے سربراہ ایڈمیرل امجد خان نیازی نے اسلام آباد میں تعینات ایرانی سفیرسید محمد علی حسینی سے ہونے والی ملاقات کے موقع پر اپنے حالیہ دورہ ایران کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات میں دونوں فریقین نے سمندری شعبے میں تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے میری ٹائم سیکورٹی کے تحفظ کے سلسلے میں علاقائی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ایرانی سفیر نے پاکستان کے زیر حراست ایرانی کشتیوں کو آزاد کرنے کے لیے پاکستانی تعاون کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس شعبے میں دیگر مشکلات دونوں فریقین کے تعاون سے حل ہوجائیں گی۔اس کے علاوہ دوطرفہ سمندری معاہدوں پر دستخط کرنے کی کوششیں اور ایران اور پاکستان کے درمیان وفود کا تبادلہ بھی اس ملاقات کے دوران زیر بحث آیا۔