لاڑکانہ ،زرعی پانی کی قلت کیخلاف آبادگارو ں کا احتجاج

129

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) زرعی پانی کی قلت کے خلاف جیکب آباد ضلع کی تحصیل گڑھی یاسین کے مختلف گاؤں سے تعلق رکھنے والے آبادگاروں نے چیف انجینئر دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر آبادگاروں محمد رمضان بروہی، منظور احمد مہر و دیگر کا کہنا تھا کہ ہم کھیرتھر کینال سے نکلنے والی نم شاخ کے ذریعے اپنی ہزاروںایکڑزمین کو سیراب کرکے دھان، گندم سمیت دیگر فصلوں اگاتے ہیں لیکن گزشتہ تین ماہ سے زرعی پانی نہ ملنے کے باعث ہماری زمینیں بنجر بن چکی ہیں، متعدد بار پانی کی فراہمی کے لیے محکمہ آبپاشی کے افسران سے ملاقات کرنے سمیت حلقے کے منتخب نمائندوں کو شکایت کرچکے ہیں لیکن تاحال ان کی جانب سے کوئی بھی اقدامات نہیں اٹھائے گئے جبکہ زرعی پانی کی عدم فراہمی کے باعث اس سال ہمارے علاقوں میں قحط سالی کا خدشہ ہے۔ انہوں نے پی پی چیئرمین بلاول زرداری، وزیراعلیٰ سندھ، محکمہ آبپاشی کے صوبائی وزیر سمیت دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ جلد سے جلد زرعی پانی کی فراہمی کو یقینی بناکر ہمیں معاشی بدحالی سے نجات دلوائی جائے بصورت دیگر بچوں کے ہمراہ خودکشی کریں گے جس کی ذمے داری حکومت سندھ پر ہوگی۔