ملک میں کوئی بھی پناہ گزین کی حیثیت سے داخل نہیں ہوا،شیخ رشید

187
وفاقی حکومت کی کراچی میں اسٹریٹ کرائمز روکنے کیلیے تجویز

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن اسلام آباد آئی تو آئین و قانون کے مطابق سلوک ہو گا‘ اپوزیشن لاری اڈہ لاری اڈہ کر رہی ہے لیکن پچھتائے گی‘ 2 سال میں نیب کیسز کا فیصلہ ہوجائے گا‘ پاکستان خطے میں اہم ملک بننے جا رہا ہے اور طالبان نے یقین دلایا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی‘ ملک میں اب تک کوئی بھی پناہ گزین کی حیثیت سے داخل نہیں ہوا‘ ہمارا دشمن بھارت کسی بھی دہشت گرد قوت کو استعمال کرسکتا ہے۔ پیر کو وزارت داخلہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال پر گہری نظر ہے‘ ہم نے 2 ہزار 600 کلومیٹر طویل بارڈر پر باڑ لگائی ہے‘ افغانستان سے آنے والوں کے لیے21 دن اور ایک ماہ کے ٹرانزٹ ویزے دے رہے ہیں‘ افغانستان سے آنے والوں کے لیے پورے پاکستان کے بجائے صرف اسلام آباد تک ٹرانزٹ ویزے کا سلسلہ محدود ہے‘ مولانا فضل الرحمن نے شور مچادیا کہ امریکیوں کے لیے ہوٹل خالی کرا دیے‘ انہیں چاہیے کہ وہ سمجھداری کا مظاہرہ کریں‘ ہمیں ایک اور نیک ہوکر ملک کا بہتر تشخص اجاگر کرنا چاہیے‘ پاکستان بدل گیا ہے اب ہماری سیاست بھی بدلنے جا رہی ہے‘ اپوزیشن میں دنیا کے حالات سمجھنے کی صلاحیت نہیں‘دنیا کی سب سے بڑی سیاست پاکستان کے اردگرد ہو رہی ہے‘ بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے میں مصروف ہے‘ بھارتی میڈیا پر جو پاکستان کے خلاف پروگرام ہو رہے ہیں وہ انتہائی بے ہودہ اور غیر ذمے دارانہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے20 ارب روپے کی ریکوری کی ہے‘ اس خطے میں ہمیں بائی پاس کر کے کسی کی دال نہیں گلنی‘ ہمیں عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ تمام پاکستانیوں کا انخلا مکمل ہوچکا ہے‘ 30 سے 40 افراد ایسے ہیں جنہوں نے وہاں شادیاں کر رکھی ہیں اور بچے بھی ہیں وہ پاکستان نہیں آنا چاہتے اور کہتے ہیں ہم ادھر ہی خوش ہیں۔