کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ سندھ کے معاشی دہشتگرد بلاول زرداری ہیں جنہوں نے 13 سال میں سندھ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے، سندھ میں بادشاہت قائم ہے۔انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آج ایک بار پھر انسداد دہشت گرد کی عدالت پیش ہونا پڑا،عدلیہ پر اعتماد ہے، خود کو بے قصور ثابت کریں گے، پیپلزپارٹی مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اب صرف ڈی ایم یا ڈیزل موومنٹ رہ گئی ہے، جب کوئی ڈیزل ڈلوا دیتا ہے تو مولانا صاحب باہر آجاتے ہیں۔ حلیم عادل نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے تو کراچی کو گینگ وار بنادیا ہے، این ایف سی ایوارڈ کے تحت آپ کو8900 ارب روپے پچھلے برس ملے،وزیراعلیٰ بتائیں کہاں لگے وہ پیسے؟۔ سندھ میں اسکول بند ہیں لیکن جلسے چل رہے ہیں۔ قبل ازیں حلیم عادل شیخ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت نے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 88 کے ضمنی انتخابات، تجاوزات کے آپریشن میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے ملزمان کو مقدمات کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کردی۔