الخدمت رازی اسپتال راولپنڈی و قریبی علاقوں کی امیدوں کا مرکز بن گیا

260

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت رازی اسپتال اہلیان راولپنڈی اور دیگر قریبی علاقوں کے رہنے والوں کے لیے امیدوں کا مرکز بن گیا مریضوں کو علاج کی جدید ترین سہولیات کی فراہمی کے علاوہ دیگر اسپتالوں کے مقابلے میں کم ترین فیس کے ساتھ الخدمت رازی اسپتال مستحقین کے لیے کسی بڑی نعمت سے کم نہیں،جب کہ مستحق مریضوں کے علاج پر اٹھنے والے اخراجات ڈونرز کی جانب سے ملنے والے عطیات و زکوٰة کے ذریعے پورے کیے جاتے ہیں، ان خیالات کا اظہار اسپتال انتظامیہ کے چیئرمین ابوعمیر زاہد نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ الخدمت رازی اسپتال کی انتظامیہ نفع نقصان کے بجائے خدمت کو عبادت سمجھ کر کرتی ہے۔ کسی بھی مریض کو جس کا علاج اس اسپتال میں ہوسکتا ہو، اسے واپس نہیں بھیجا جاتا۔ ہمارا ویژن ہے کہ اب کوئی شہری علاج سے محروم نہ رہے اور ہر خاص و عام کے لیے علاج میسر ہو اور ایسا ماحول ہو جہاں مریض کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔ 2006ءمیں محض ایک ڈسپینسری کی شکل میں شروع ہونے والا طبی مرکز آج شہر کا بہترین اسپتال بن چکا ہے، جہاں معیاری علاج انتہائی سستے داموں مہیا کیا جاتا ہے۔ جبکہ مستحق مریضوں کا علاج ڈونرز کی جانب سے ملنے والے عطیات و زکٰوة کے ذریعے پورے کیے جاتے ہیں۔ ابو عمیر زاہد نے مزید بتایا کہ اسپتال کا زچہ بچہ سینٹر اس وقت جڑواں شہروں کے سب سے بڑے مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جہاں مستند لیڈی ڈاکٹروں کی زیرنگرانی اب تک 40 ہزار سے زائد بچوں کی پیدائش ایک ریکارڈ ہے۔ اسپتال اپنے قیام سے لے کر اب تک مستحقین کے مفت علاج کے علاوہ بھی دیگر ہسپتالوں کے مقابلے میں 5 ارب روپے کی سبسڈی مریضوں کے لیے دے چکا ہے اور یہ رقم مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں حال ہی میں 50 بیڈ پر مشتمل ایک جدید یونٹ کا اضافہ کیا گیا ہے جہاں جنرل سرجری کی سہولتیں میسر ہونگی۔ 80 بیڈز پر مشتمل ایک فیملی اسپتال بھی زیر تعمیر ہے، جو 2 کنال سے زائد رقبے پر ہوگا۔ واضح رہے کہ الخدمت فاونڈیشن کے تحت ملک بھر میں 40 اسپتال،53 میڈیکل سینٹرز، 40 فارمیسیز، 131 لیبارٹریز اورایمبولینسز فلاح عامہ کے لیے خدمات پر مامور ہیں۔