شہباز شریف کی پیرپگاڑا سے والدہ کے انتقال پر تعزیت

224

 

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پیر پگاڑا سے ان کی والدہ اورجلال محمد شاہ سے امیر حیدر شاہ کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ہفتہ کو راجا ہائوس میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا پیر سید صبغت اللہ شاہ اور پیر سید صدر الدین شاہ راشدی سے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے پیرپگارا اور پیر سید صدر الدین شاہ راشدی سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔شہباز شریف نے پیرپگارا سے ان کی اہلیہ کی وفات پر بھی تعزیت کی۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنمائوں کے علاوہ پیر پگارا کے صاحبزادے سید راشد شاہ بھی موجود تھے۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ والدہ کی وفات ایک بڑا صدمہ ہے،اس غم سے گزر چکا ہوں۔ آپ کے احساسات سمجھ سکتا ہوں۔بعد ازاں شہباز شریف نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کو پیر صاحب پگاڑا کی قیادت میں متحد کریں گے۔پیر صاحب پگارا خاندان اور نواز شریف کے درمیان پرانے اور اچھے تعلقات ہیں۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف، جی ایم سید کے بڑے صاحبزادے امیر حیدرشاہ کی وفات پر تعزیت کے لیے جلال محمود شاہ کی رہائشگاہ گئے۔شہباز شریف نے جلال محمود شاہ سے ان کے تایا امیر حیدر شاہ کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔شہباز شریف نے کہا کہ امیر حیدر شاہ عمر بھر سندھ اور عوام کے حقوق کے لیے متحرک رہے۔