شوگر ملز کا مؤقف سن کے چینی کی قیمت مقرر کی جائے، عدالت عالیہ

222

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے چینی کی قیمتوں کے تعین کے نوٹیفکیشن کیخلاف دائر درخواست پر سماعت 14 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے رولز کے مطابق شوگر ملز کا مؤقف سن کر چینی کی قیمت مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ جسٹس شاہد جمیل نے چینی کی قیمت مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن کے خلاف شوگر ملز کی طرف سے دائر مختلف درخواستوں پر 2 صفحات پر مشتمل تحریری عبوری فیصلہ جاری کیا ہے۔ دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے چینی کی قیمتیں مقرر کرنے کے حوالے سے بنائے گئے رولز عدالت میں پیش کیے اور عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ چینی کی قیمتیں بنائے گئے رولز کے مطابق مقرر کردی جائینگی۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے اپیلٹ اتھارٹی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ تحریری حکم میں عدالت نے شوگر ملز کو عدالتی حکم کے مطابق گارنٹی چیک ڈپٹی رجسٹرار کو جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزاروں نے عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی رجسٹرار چیک وصول نہیں کررہے لہٰذا عدالت ڈپٹی رجسٹرار کو چیک وصول کرنے کی ہدایت کرتی ہے۔