عمران خان نے پاکستان کو دنیا بھر میں تنہا کردیا،بلاول زرداری

379

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی3 سالہ کارکردگی یہ ہے کہ انہوں نے مہنگائی کو آسمان پر پہنچا کر ہزاروں پاکستانیوں سے روزگار چھین لیا۔پی ٹی آئی کے3سالہ دوراقتدار کی کارکردگی سے متعلق ایک بیان میںانہوںنے کہا کہ امریکی صدر کی ایک فون کال کے لیے ترستے عمران خان نے3سال میں پاکستان کو دنیا بھر میں تنہائی کا شکار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی باتیں بڑی بڑی ہوتی ہیں اور کارکردگی صفر، عوام اب جھانسے میں نہیں آئیں گے،میں سے شروع ہوکر میں پر بات ختم کرنے والے وزیراعظم کو کوئی بتائے کہ پاکستان کی ابتدا اور انتہا ہم عوام ہیں۔ بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ3سال میں پاکستان میں صرف مافیا کو فائدہ ہوا ، آٹااورچینی چور ترقی کرگئے، عوام مہنگی دوا کے لیے قطاروں میں کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بازاروں میں مہینے کا راشن خریدتے ہوئے بار بار اپنی جیب کو دیکھنے والا عام آدمی عمران خان کی کارکردگی کو اچھے طریقے سے سمجھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے 3 سال میں ملک کو تباہی کے اس دہانے پر پہنچادیا ہے کہ بحالی میں شاید ایک دہائی لگ جائے۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ حکومتی کارکردگی سرکاری افسران کی جھوٹی رپورٹوں سے نہیں بلکہ عوام کے چہرے پر پھیلی مسکراہٹ سے سامنے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مشیروں نے ڈھونڈ ڈھونڈ کر جو حکومتی کارکردگی تلاش کی ہے، عوام کو دوربین لگا کر بھی نظر نہیں آرہی،وزیراعظم کو خود معلوم ہے کہ وہ ملک کو انتظامی لحاظ سے تباہ کرچکے ہیں مگر اپنی ضد اور انا کی وجہ سے وہ اقتدار چھوڑنے کو تیار نہیں۔علاوہ ازیںبلاول زردار ی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی ہوا چل پڑی ہے، اگلا انتخاب جیالے جیتیں گے، ملک بھر سے مختلف پارٹیوں کے سیاسی رہنما ہمارے رابطے میں ہیں۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری سے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے بلاول ہائوس کراچی میں ملاقات کی، جس میں پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی شریک ہوئیں۔ آصف علی زرداری، بلاول اور راجا پرویز اشرف نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔راجا پرویز اشرف نے قیادت کو پنجاب سے پارٹی میں شمولیت کے خواہاں افراد کے معاملے سے آگاہ کیا۔پنجاب میں پارٹی کی تنظیمی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر بلاول نے کہا کہ عمران خان عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے، پیپلزپارٹی ملک میں اپوزیشن کی مضبوط اور ایک توانا آواز ہے، ہم نے ملک کے کونے کونے میں جاکر عوام دشمن پی ٹی آئی حکومت کو آئینہ دکھایا ہے ۔