سکھر ،شناختی کارڈ کے حصول میں دشواری پر کھلی کچہری کا انعقاد

441

سکھر(نمائندہ جسارت) نادرا سکھر ریجن کی جانب سے عوام کو شناختی کارڈ کے حصول میں درپیش مسائل اور شکایات کے ازالے کیلیے نادرا ریجنل ہیڈ آفس ائرپورٹ روڈ سکھر میں ڈی جی نادرا سکھر کرنل (ر) سہیل محمود کی نگرانی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں سکھر ریجن کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اپنے مسائل بتائے۔ڈی جی نادرا سہیل محمود نے عوامی مسائل سننے کے بعد موقع پر ہی مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کیے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی نادرا سکھر ریجن کرنل (ر) سہیل محمود کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل حل کرنا اور انہیں سہولیات فراہم کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے، وزیر اعظم پاکستان کے ویژن اور چیئرمین نادرا طارق ملک کی خصوصی ہدایات پر عوامی مسائل حل کرنے کیلیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تاکہ شہریوں کے مسائل فوری طور پر موقع پر ہی حل کیے جاسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نادرا سکھر ریجن کے عوام کو شناختی کارڈ کے حصول میں کسی بھی قسم کی پریشانی یا دشواری کا سامنا ہے تو ہم ان کے مسائل کے حل کیلیے بیٹھیں ہیں وہ بلاجھجک نادرا دفاتر یا ہمارے ریجنل آفس سے رابطہ کر کے اپنے مسائل حل کرواسکتے ہیں۔