اندرون سندھ ،سکھر ٹول پلازہ انتظامیہ کیخلاف وکلا برادری کا احتجاج

279

کندھکوٹ، سکھر، میرپورخاص (نمائندگان جسارت) کندھکوٹ ڈسٹرکٹ بار میں وکلا برادری کا سکھرٹول پلازہ پر وکلا برادری سے سکھرٹول پلازہ کی انتظامیہ اور ان کے پرائیویٹ لوگوں کی جانب سے وکلا پر تشدد کرنا، دھمکیاں دینا اور ناروا سلوک کرنے پر سندھ بار کے ممبر عبدالغنی بجارانی، صدر ڈسٹرکٹ بار سید سکندر علی شاہ، جنرل سیکرٹری محسن علی پٹھان، عاشق الٰہی سندرانی، زاہد شاہ، منور بھٹو، محمد نواز بھنگوار، شعیب مہدی سمیت بڑی تعداد میں وکلا برادری نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سکھر ٹول پلازہ کی انتظامیہ کیخلاف شدید نعریبازی کی۔ اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سکھر ٹول پلازہ انتظامیہ نے وکلا برادری پر جو تشدد کیا ہے ان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ عمل کیخلاف پورے سندھ میں تحریک کا عندیہ دیتے ہیں۔ سکھر ٹول عملے کیخلاف مقدمہ درج کر کے ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور تشدد کا شکار ہونے والے وکلا برادری سے انصاف کیا جائے۔ سکھرمیں وکلا برادری کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ ،مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی، سائلین کو واپس جانا پڑگیا، وکلا برادری کا احتجاجی مظاہرہ و نعرے بازی، سکھر میں ٹول پلازہ پر ٹیکس کی وصولی کی بات پر وکلا اور ٹول پلازہ عملے کے درمیان ہونے والے تصادم کیخلاف سکھر کی وکلا برادری نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا ہے، جس کی وجہ سے سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ اور دیگر ماتحت عدالتوں میں مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی اور وہاں پر مقدمات کی سماعت اور حصول انصاف کے لیے دور دراز علاقوں سے آئے سائلین کو واپس جانا پڑا وکلا برادری کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے باہر ٹول پلازہ عملے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین کی قیادت ہادی بخش بھٹ و دیگر سینئر وکلا نے کی اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹول پلازہ کے عملے نے گزشتہ روز ہماری برادری کے افرادکو بلاجواز تشدد کا نشانہ بنایا ٹول پلازہ کا عملہ آئے دن اسی طرح عام لوگوں کو بھی تشدد کا نشانہ بناتا ہے جو کسی طور درست نہیں ہے اور یہ لوگوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹول پلازہ کے عملے کیخلاف کارروائی کی جائے یا پھر ٹول پلازہ کو ہی ختم کیا جائے۔ سکھر میں وکلا اور ٹول پلازہ سیکورٹی اہلکاروں میں تصادم پر سندھ بار کونسل کی اپیل پر میرپورخاص میں وکلا کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا اور ہڑتال کی گئی۔ گزشتہ روزسکھر ٹول پلازہ پر ٹول ٹیکس کی ادائیگی کے معاملے پر وکلا اور ٹول پلازہ پر مامور سیکورٹی عملے کے درمیان ہونے والے تصادم کیخلاف سندھ بار کونسل کی اپیل پر میرپورخاص کے وکلا نے عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کرکے بار کے صدر میر صفدر تالپور اور دیگر وکلا کی قیادت میں احتجاج کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سکھر میں وکلا کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ وکلا کے ساتھ ناروا سلوک کرنے والے سیکورٹی اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔