ـ50 فیصد ریپ کیس رپورٹ ہی نہیں ہوتے‘ مریم اورنگزیب

468

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما اور سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ ملک بھر سے 50 فیصد ریپ کے کیس اب بھی رپورٹ نہیں ہو رہے ہیں اور جو ہو رہے ہیں ان کا بھی مذاق اڑایا جا رہا ہے ،وفاقی دارالحکومت میں 2 صحافیوں پر تشدد اور ایک کو اغوا کرنے کی کوشش کی گئی ،ہم اب تک تشنہ ہیں کہ وفاقی پولیس نے کیا انکوائری کی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں کیا۔ مریم اورنگ زیب نے کہا کہ آئے روز کسی نہ کسی صحافی کودھمکیاں دی جا تی ہیں، اسد طور،ابصار عالم اور مطیع اللہ جان کے کیس کا اب تک کچھ علم نہیں ہو سکا ہے اور اس سلسلے میں پولیس نے کسی کو کچھ بھی نہیں بتایا، ان تینوں کی رپورٹ سامنے لائی جائے اور آئی جی کو تمام تر تفصیلات بتانی چاہئیں۔ایک اور ایشو پر مریم اورنگ زیب نے کہا کہ ریپ کے کیس 50 فیصد اب بھی رپورٹ نہیں ہو رہے ہیں ،لوگ اپنی عزت نفس کے ہاتھوں مجبور ہیں اور جورپورٹ ہو رہے ہیں تو ان کو بھی اتنا اچھالا جا رہا ہے کہ متاثرہ خاندان مزید پریشانیوں میں مبتلا ہو تا چلا جا تا ہے،تاہم کمیٹی نے نور مقدم کیس سمیت دیگر تینوں کی رپورٹ آئی جی سے طلب کر لی ہیں۔